ہفتہ, اپریل 18, 2026
الرئيسيةپاکستان400 سے 1000 ڈالر والے کورسز مفت ! گوگل کا پاکستانی طلبا...

400 سے 1000 ڈالر والے کورسز مفت ! گوگل کا پاکستانی طلبا کے لیے بڑا اعلان

لاہور : گوگل نے ایک لاکھ سے زائد پاکستانی طلبا کو گوگل سرٹیفکیشن کورسز مفت کرانے کا اعلان کردیا ،کورسز کی 400 سے 1000 ڈالر تک کی فیس نہیں لی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطح کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تاریخی فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

گوگل پنجاب کے ایک لاکھ سے زائد طلبہ کو سائبر سیکیورٹی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI)، اور بزنس انٹیلی جنس جیسے 3 سے 6 ماہ کے کورسز مفت کرائے گا اور طلبا سے گوگل سرٹیفکیشن کورسز کی 400 سے 1ہزار ڈالر تک فیس نہیں لی جائے گی۔

اس کے ساتھ ہی اجلاس میں پنجاب کے 166 سرکاری کالجوں میں نئی اور جدید ترین آئی ٹی لیبز بنانے کی منظوری دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے طلبہ کے لیے مالی معاونت کے دائرہ کار کو وسعت دینے کا حکم دیا ، پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار یکمشت 62,949 طلبہ کو ‘ہونہار اسکالرشپس’ دی جائیں گی۔ مریم نواز نے ہدایت کی کہ تمام اہل طلبہ کو وظائف فراہم کیے جائیں۔

سی ایم پنجاب لیپ ٹاپ اسکیم کے فیز ون سے 38 ہزار طلبہ مستفید ہو چکے ہیں، جبکہ فیز ٹو کے لیے 1 لاکھ 42 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں تاہم اقلیتی اور خصوصی (بصارت سے محروم) طلبہ کو بھی اوپن میرٹ پر لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔

کالجوں کے معیارِ تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے پہلی بار ‘کی پرفارمنس انڈیکیٹرز’ مقرر کیے گئے ہیں ، پنجاب کے 29 اضلاع کے 36 کامرس کالجوں کو 19 سرکاری یونیورسٹیوں سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کالجوں میں بزنس، اکاؤنٹ، فنانس اور ای کامرس کے 14 بی ایس ڈسپلن پڑھائے جائیں گے۔

کالجز، پرنسپلز، اساتذہ اور سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی کارکردگی کا تعین اب مقررہ KPIs کے مطابق ہوگا۔

کالج کے طلبہ کے لیے پنجاب میں پہلی بار الیکٹرو بس فیسلٹی کی منظوری دی گئی ہے تاکہ طلبہ کو سفری سہولیات میسر آ سکیں۔

وزیراعلیٰ نے سرگودھا سمیت دیگر اضلاع کے اسکولوں کی حالت زار بہتر بنانے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ گریڈ 8 کے اسسمنٹ امتحانات میں 9 لاکھ 94 ہزار طلبہ نے شرکت کی، جن میں طالبات کی کامیابی کا تناسب 92 فیصد رہا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے پہلی تین پوزیشنز طالبات کے نام رہنے پر خصوصی اطمینان کا اظہار کیا۔

مقالات ذات صلة

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا

پاکستان

مزید خبریں