پی ایس ایل 11 میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے شاندار فتح حاصل کر لی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں زلمی نے کوئٹہ کو بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ زلمی کے سامنے کوئٹہ کی ایک نہ چلی۔۔ پہلے بولرز نے مار کھائی پھر بیٹنگ لائن ناکام ہو گئی۔
زلمی کے 256 رنز کے بڑے ہدف کے سامنے کوئٹہ کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور کوئی بیٹر جم کر مقابلہ نہ کر سکا۔ بیون جیکبس نے سب سے زیادہ 34 رنز بنائے۔
کپتان سعود شکیل 19، شمائل حسین 21، چندیمل 19 رنز بنا سکے جب کہ رائلی روسو بغیر کھاتہ کھولے صفر پر آؤٹ ہوئے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں زلمی کے کپتان بابراعظم نے اننگز کی آخری بال پر سنچری بنائی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے 52 گیندوں پر 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے سنچری اسکور کی۔
یہ ان کے پی ایس ایل کیئریر کی تیسری سنچری ہے۔
بابراعظم کی شاندار سنچری اور کوشال مینڈس کی 83 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت زلمی نے رواں سیزن کا سب سے بڑا ٹوٹل بھی بنایا۔ زلمی نے مقررہ اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے جس میں ایرون ہارڈی کے 26، محمد حارث کے 16 اور فرحان یوسف کے 19 رنز شامل ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کوئی بولر خاطرخواہ کارکردی نہ دکھا سکا، عثمان طارق، ابرار احمد اور الزاری جوزف نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

